ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں و کشمیر اور ہریانہ کے انتخابی نتائج پر راہل گاندھی کا ملا جلا رد عمل، تشکر اور تشویش کا اظہار

جموں و کشمیر اور ہریانہ کے انتخابی نتائج پر راہل گاندھی کا ملا جلا رد عمل، تشکر اور تشویش کا اظہار

Wed, 09 Oct 2024 17:24:36    S.O. News Service

نئی دہلی، 9/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)جموں و کشمیر اور ہریانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج 8 اکتوبر کو سامنے آئے۔ جموں و کشمیر میں انڈیا اتحاد کو بھاری اکثریت ملی، جبکہ ہریانہ میں بی جے پی کی غیر متوقع جیت نے سب کو حیران کر دیا۔ اس پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا پہلا بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کیا، لیکن ہریانہ کے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اسمبلی انتخابات کے نتائج سے متعلق اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’جموں و کشمیر کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ۔ خطہ میں انڈیا (اتحاد) کی فتح آئین کی فتح ہے، جمہوری وقار کی فتح ہے۔‘‘ اس کے بعد ہریانہ کے تعلق سے وہ لکھتے ہیں کہ ’’ہم ہریانہ کے غیر متوقع نتیجہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کئی اسمبلی حلقوں سے آ رہی شکایتوں سے انتخابی کمیشن کو مطلع کرائیں گے۔‘‘

ہریانہ میں کانگریس کو ملی شکست کے باوجود راہل گاندھی ریاستی باشندوں اور پارٹی کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اپنے پوسٹ میں وہ لکھتے ہیں کہ ’’سبھی ہریانہ باشندوں کو ان کی حمایت اور ہمارے ببر شیر کارکنان کو ان کی سخت محنت کے لیے دل سے شکریہ۔ حق کی، سماجی و معاشی انصاف کی، سچائی کی یہ جدوجہد جاری رکھیں گے، آپ کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخاب میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد نے 90 نشستوں میں سے 49 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس اتحاد میں نیشنل کانفرنس کو 42، کانگریس کو 6 اور سی پی آئی (ایم) کو ایک سیٹ حاصل ہوئی ہے۔ بی جے پی کو 29 نشستوں پر جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، اور یہ سبھی سیٹیں جموں علاقہ سے آئی ہیں۔ یعنی کشمیر کی کسی بھی اسمبلی سیٹ پر اسے جیت نہیں ملی ہے۔ جے پی سی اور عام آدمی پارٹی کو 1-1 سیٹیں ملی ہیں۔ 7 سیٹوں پر آزاد امیدواروں نے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔

ہریانہ کی بات کی جائے تو یہاں بی جے پی نے 90 اسمبلی سیٹوں میں سے 48 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے۔ اس طرح اکثریت کے لیے ضروری 46 سیٹوں سے اس نے 2 سیٹیں زیادہ حاصل کر لی ہیں۔ کانگریس کو 37 سیٹوں پر اور آئی این ایل ڈی کو 2 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔ 3 سیٹیں آزاد امیدواروں کے حصے میں گئی ہیں۔


Share: